آئینی تشریح کے نظریے
از
ٹیپو سلمان مخدوم
Ronald Dworkin (بولنے میں: Ronald رو- نلڈ Dworkin ڈو-آر- کن ) متوفی فروری 2013 امریکی پروفیسر تھے جو قانون کو اخلاقی قدروں سے پرکھنے کے نظریے کے لئے مشہور تھے.
ڈوارکن کے مطابق آئین کی تشریح کرتے ہوۓ تین باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے.
اول یہ کہ تشریح آئین کے الفاظ کو توڑے مروڑے بغیر کی جائے.
دوم یہ کہ تشریح ایسی ہو جو آئینی ڈھانچے سے متصادم نہ ہو، اور
سوم یہ کہ تشریح آئین کی موجودہ تشریحات کے خلاف نہ ہو.
آئینی تشریح کی حکمت عملی پر دو بڑے نظریات Originalism یعنی بنیاد پرستی اور Moralism یعنی اخلاق پرستی ہیں.
بنیاد پرستوں کے مطابق آئین کی تشریح وہی ہے جو آئین بنانے والوں نے کی. یہ تشریح آئین کے الفاظ میں پوشیدہ ہوتی ہے. اور اسطرح عیاں ہوتی ہے کہ سمجھا جائے کہ آئین بناتے وقت ان الفاظ کا کیا مطلب سمجھا جاتا تھا.
مثلا ہمارے 1973 کے آئین کے آرٹیکل ٩ کے مطابق آزادی سب کا بنیادی حق ہے. لہذا اس شق کی تشریح میں آزادی کا وہ مطلب لیا جائے گا جو 1973 میں پاکستان میں رائج العام تھا.
اس نظریے پر تنقید والے کہتے ہیں کہ اس طرح تو آئین معاشرے کی ترقی اور نۓ نظریات کا احاطہ کرنے سے قاصر رہے گا. ان کے مطابق اس نظریے کی رو سے انٹرنیٹ کے استعمال سے متعلق آزادی بنیادی حقوق میں شامل نہیں ہو سکتی کیونکہ 1973 میں انٹرنیٹ کا وجود ہی نہ تھا لہذا آئین لکھنے والے انٹرنیٹ کے استمعال سے متعلق آزادی کی بات نہ کر رہے تھے.
دوسری طرف اخلاقی دھڑا کہتا ہے کہ آئین کی تشریح الفاظ کے لفظی معنی سے نہیں کی جا سکتی کیونکہ آئین میں قانونی احکامات سے زیادہ اخلاقی اقدار درج ہوتی ہیں.
لہذا ہمارے آئین کی شق ٩ میں آزادی کا قانونی حکم نہیں بلکہ ہمارے معاشرے کی اخلاقی قدر درج ہے. اور اسی آئینی قدر کے تحت قانون ساز اسمبلی قانون بنانے کی مجاز ہے.
چنانچہ جب سوال پیدا ہوگا کہ آئین میں درج آزادی کا کیا مطلب ہے تو اس کی تشریح 1973 کی اردو لغات میں لفظ آزادی کا مطلب تلاش کرنے سے نہیں بلکہ آج کے معاشرے میں رائج آزادی کے تصور کا تعین کرنے سے کی جائے گی.
اس لحاظ سے یہ تشریح ایسی ہونی چاہئے جو لفظ آزادی کے لفظی معنی کے مطابق ہو، آئینی ڈھانچے سے متصادم نہ ہو اور آج تک آئینی آزادی کی جو تشریحات اعلی عدالتوں نے کر رکھی ہیں انہیں تباہ کرنے کے بجاۓ ان میں اضافہ کرے.
اس طرح سے اگر آئینی آزادی کی تشریح کی جائے تو اس میں انٹرنیٹ استعمال کرنے کی آزادی شامل ہو سکتی ہے.
No comments:
Post a Comment